رنگ گورا کرنے کے آسان اور آزمودہ گھریلو ٹوٹکے

ہر عورت کی فطری خواہش ہوتی ہے کہ وہ حسن اور خوبصورتی میں حوروں کو پیچھے چھوڑ دے۔ اس کی آنکھیں، بال، نسوانی حسن اور ادائیں ایسی ہوں کہ جو ایک بار دیکھے، بس دیکھتا ہی رہے، اور لوگ پریوں اور شہزادیوں کے بجائے اُس کی مثال دیں۔ شاہد یہی وجہ ہے کہ آج کے زمانے میں خوبصورتی کا معیارصرف گورا پن رہ گیا ہے۔

گورا رنگ خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ گورا رنگ ہر کسی کو پسند ہے۔ہماری نوجوان نسل رنگ گورا کرنے اور سمارٹ نظر آنے کے لیے ہر جتن کرتی ہے۔ طرح طرح کی کریموں کو آزمایا جاتا ہے۔ بازاری کریموں کے استعمال سے آپ کی جلد پر سفیدی تو آ جاتی ہے لیکن حقیقی گورا پن نہیں آتا۔اور بعض اوقات ان کریموں کے مضراثرات جلدکا حلیہ ہی بگاڑ دیتے ہیں۔

موجودہ دور کی پڑھی لکھی خواتین خوبصورتی کے لیے بیوٹی پارلروں کا رخ کرتی ہیں، ان کے خیال میں وقت بچانے اور زیادہ خوبصورت نظر آنے کا یہ بہترین حل ہے، کبھی کبھار بیوٹی پارلر سے تیاری یا کسی کریم کا استعمال شاید آپ کی جلد کو نقصان نہ پہنچائے مگر مصنوعی چیزوں کے مسلسل استعمال سے آپ کی جلد خراب ہو کر داغ دھبوں کا مرکز بن سکتی ہے۔

پرانے وقتوں کی خواتین گھریلو نسخے آزما کر اپنی جلد کو خوبصورت بناتی تھیں۔ ان کے چہرے کی چمک اور قدرتی سرخی مائل رنگت دیکھنے کے قابل ہوتی تھی۔ آج کی پوسٹ میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ آپ کیسے اپنے آپ کو گورا بنا سکتی ہیں۔ ایسا گورا پن کہ جو قدرتی اور حقیقی ہو گا اور اس کے مضر اثرات بھی نہیں ہوں گے۔

سب سے پہلے اپنے خیالات ،اپنا جسم، گھر اور لباس سب کچھ صاف رکھیں۔ اور صبر کے ساتھ مستقل مزاجی سے رنگ گورا کرنے والے ٹوٹکے آزمائیں۔ اللہ پاک آپ کو حوروں کا سا حسن دے گا۔ انشاء اللہ

رنگ گورا کرنے کے لیے دودھ کا استعمال

  • دودھ میں کیلیشم کی وافر مقدار ہوتی ہے۔ جو کہ جلد کی رنگت نکھارنے میں مدد دیتی ہے ۔کیلشیم ہمارے جسم کا بہت اہم جزو ہے ۔ جسم کے اوپری جلد میں کیلشیم کی کافی مقدار پائی جاتی ہے جس کی کمی جلد کو سیاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دودھ جسم میں کیلشیم کی کمی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ خشکی بھی دور کرتا ہے۔ ۔ دودھ کے روزانہ استعمال سے جلد اندر سے صاف ہوجاتی ہے۔ حسن و خوبصورتی کے لیے دودھ کو مندرجہ ذیل طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
  • چنے کی دال کو دودھ میں بھگو دیں، ساتھ میں خشخاش بھی لیں کچھ گھنٹے کے بعد ان کو پیس لیں اور سوکھے بادام کا پاؤڈر لیکر اس میں مکس کریں اب اس میں تھوڑی تھوڑی دہی لیکر آٹے کی طرح گوند لیں اور چھوٹی چھوٹی گولیاں بنالیں اب روز ایک گولی لیکر کچے دودھ میں بھگودیں۔ ایک گھنٹہ پڑا رہنے دیں اور پھر چہرہ، گردن پر مساج کریں اور اپنی رنگت کو اپنی آنکھوں سے بدلتا ہوا دیکھیں۔
  • ایک چمچ خشک دودھ،لیمن کا جوس ،بادام کا آئل لیکر ملا لیں اور چہرہ پر لگائیں ۔پندرہ منٹ تک لگا رہنے دیں پھر منہ پانی صاف کر لیں۔
  • ایک گلاس دودھ لیکر ایک کپڑا اس میں بھگو کر جلد رگڑیں۔ خشک ہونے پر دوبارہ یہ عمل دہرائیں۔ ایک ہفتہ تک غسل کے بعد یہ عمل دہرانے سے جلد کی رنگ میں واضح فرق محسوس کریں گے۔
  • آم کے نارمل ٹھنڈے ملک شیک میں آدھا چمچ باریک کٹی ہوئی ادرک اور چینی کی جگہ پر دو عدد ہوسٹ کی ٹافیاں ڈال کر ایک ماہ تک روزانہ صبح خالی پیٹ یہ ملک شیک پی لیا کریں۔ اس سے آپ کی رنگت میں بہت بہتری آئے گی۔یہ طریقہ نہ صرف خون کی کمی کو دور کرئے گا بلکہ یہ آپ کی ہارمونز کی پرابلم کو بھی حل کر دے گا۔ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ آپکو صحت مند اور گورا بھی کرے گا۔
  • دوچمچ بیسن،ایک چمچ گلیسرین،آدھا چمچ چندن پسا ہوا، ہلدی آدھا چمچ، عرق گلاب ایک چمچ،دودھ آدھاچمچ،اور لیموں کارس چند قطرے ملالیں ۔اس ابٹن کو چہرے پر ملیں ۔اس سے آپکے حسن میں اضافہ ہوگا۔
  • کالے تل اور ہلدی چوتھائی ،چوتھائی چمچ،لے کرگرم دودھ کے ساتھ پیس لیں اور چہرے پر لگائیں اس سے جھائیاں دور ہوجاتی ہیں۔
  • بادام، ہلدی، دودھ اور لیموں استعمال کریں۔ بادام پیس کر اس میں ہلدی اور دودھ ملا کر پیسٹ بنالیں اور چند قطرے لیموں کے ڈال لیں یہ ماسک بہت مفید ہے۔
  • مٹی کی ایک کوری پیالی میں ایک چمچہ بالائی اور دو، تین بادام اچھی طرح دھوکر صاف کرنے کے بعد اس سے چہرے کی ہلکی پھلکی مالش کریں پھر روئی کو آہستہ آہستہ چہرے پر پھیریں اور پھر باقی مرہم لگا کر سوجائیں، صبح اٹھ کر بیسن سے منہ دھولیں یا پھر بکری کا کچا دودھ لے کر اس میں آدھا لیموں نچوڑ لیں، دودھ پھٹ جائے گا، اس پھٹے ہوئے دودھ کو سوتے وقت اچھی طرح چہرے پر مل لیں، یہ چہرے کی جھریاں دور کرنے کا شرطیہ طریقہ ہے۔
  • دو چمچ دلیہ، دو چمچ سوکھا دودھ، دو چمچ آم کا گودہ اور کیری کے اندر کی گٹھلی لے کر ان سب کو اچھی طرح پیس لیں جب کریم سی بن جائے گی (ضرورت پڑے تو پانی بھی ملاسکتے ہیں) تو اپنے پورے جسم پر مساج کریں یہ ناصرف آپ کے جسم کو گورا کرے گی بلکہ جن عورتوں کو بدبودار پسینہ آتا ہے ان کی بدبو بھی کچھ عرصے استعمال کے بعد ختم ہوجائے گی اور آپ کا پورا جسم گورا ہوجائے گا، یہ فوری وائٹنگ حاصل کرنے کا قدرتی طریقہ ہے۔
  • گلقند کو روز دودھ میں ڈال کر پی لیں یہ اندر سےصفائی دے گا اور چہرہ چمکدار ہوگا۔ تین گرام آملہ کا مربہ، ایک چمچ سونف اور ایک چمچ شہد ڈال کر مکس کرلیںاور روزانہ کھالیں یہ آپ کی پوری باڈی کی قدرتی گوراپن دے گا اگر خون کی کمی ہوتو اس میں فوراً ایک خون افزاء ( یا کوئی بھی خون بنانے والی گولیاں) ایک گولی پیس کر مکس کرکے کھالیں۔ اس سے خون بھی بنے گا اور چہرہ سرخ سپید ہوجائے گا۔
  • جائفل پیس کر دودھ میں ملا کر لگانے سے چہرہ نکھر جاتاہے۔
  • دودھ سے چہرے پرمساج کریں اور آدھے گھنٹے بعد صاف پانی سے دھولیں اس سے آپکی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔
  • مسور کی دال کا پاؤڈر بنالیں اورلیموں کا رس ڈال کر پیسٹ بنا کر لگائیں، چھائیاں صاف ہوں گی۔ چکنی جلد کیلئے مکئی اور جَو کاآٹا دودھ میں مکس کرکے لگائیں اور ہلکا سا مساج کریں، چہرہ چمک اٹھے گا۔ رات کو تھوڑے سے پانی میں اسپغول رکھ دیں، صبح اچھی طرح پھینٹ کر اس کا لعاب نکالیں اور دانوں پر لگائیں۔ دانے ختم ہوجائیں گے۔ چاولوں کو پیس لیں پھر اس میں ہلدی اور تربوز کا پانی ملا کر لگائیں اس سے دانوں کے بعد جو کالے کالے نشان رہ جاتے ہیں وہ ختم ہوجائیں گے۔
  • ملتانی مٹی، ہلدی اور تین قطرے زیتون کا تیل اسکن ٹانک کے چند قطرے ملا کر پندرہ منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں یا بادام پیس کر دودھ میں ملاکر چہرے پر لگائیں، بیس منٹ بعد چہرہ دھولیں۔

رنگ گورا کرنے کے لیے لیموں کا استعمال

لیموں میں موجودہ قدرتی خصوصیات جلد میں تیل کی کمی دور کرنے کے ساتھ ساتھ جلد کی رنگت خوبصورت بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔لیموں کا رس کئی بلیچ کریموں میں بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ اسی وجہ سے لیموں کو قدرتی وائٹننگ بلیچ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ جسم کو فاضل مادوں سے پاک کرتا ہے جس سے خون صاف اور جلد چمکدار ہوجاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: حاملہ خواتین دوران حمل کون سی غذائیں استعمال کریں

چہرے پر کیمیکل والی وائٹننگ بلیچ سے بہتر ہے کہ آپ روزانہ صبح ایک گلاس لیموں پانی پئیں ۔ اس کے مستقل استعمال سے اس میں موجود وٹامن سی اور ایسڈک خصوصیات آپ کا رنگ گورا کردیں گی ۔رنگ گورا کرنے کے لیے لیموں کا استعمال آپ مندرجہ ذیل طریقے سے کر سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ہونٹوں کو خوبصورت، دلکش، نرم و ملائم اور گلابی بنانے کے طریقے

لیموں کا رس لیکر روئی کی مدد سے چہرے پر موجودہ سیاہ حصوں پر لگائیں اور 20 سے 30 منٹ کے بعد سادہ پانی سے دھو لیں۔ اس کے علاوہ لیموں کو دو حصوں میں کاٹ کر آہستہ آہستہ چہرے پر لگائیں۔ 15 سے 20 تک چہرے پر لگا رہنے دیں اور بعدازاں دھو لیں

  • پانچ بادام لیں اور ان کو پیس لیں۔اب ان پسے ہوئے باداموں میں ایک آدھی چائے کی چمچ ہلدی، تین چائے کے چمچ دہی، دو چائے کے چمچ لیموں کا رس ملا کر یک جان کر لیں کہ یہ ایک کریم کی شکل بن جائے۔ اب رات کو سونے سے قبل چہرے کو اچھی طرح دھو کر 15سے 20 منٹ تک کریم کو چہرے پر لگا رہنے دیں۔(ساری رات بھی لگی رہےتو بھی کوئی نقصان نہیں)اب چہرے کو پانی سے دھو لیں، صابن کا استعمال ہر گیز نہ کریں۔دن میں بھی اس کا استعمال نہ کریں۔اگر چہرے پر جلن محسوس ہو تو لیموں کی مقدار کو کم کردیں۔
  • لیموں کا رس، شہد اور زیتون کے تیل میں ملا کر 15سے 20 منٹ کیلئے چہرے پر مساج کریں۔ بعدازاں سادہ پانی سے دھو لیں۔ اس میں ایک احتیاط یہ برتیں کہ لیموں کا رس لگانے کے بعد دھوپ میں ہرگز نہ نکلیں اور جلد پر موجودہ زخموں پر ہرگز نہ لگائیں۔
  • لیموں کا رس اور شہد برابر مقدار میں لیکر مکس کرلیں اور اس کو اپنے چہرے پر اپلائی کریں۔ اس سے بھی رنگ گورا ہونے میں مدد ملے گی۔
  • ایک انڈہ لیں، ایک لیموں میں انڈہ توڑ کر اس کی سفیدی اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اس میں لیموں نچوڑ کر اچھی طرح مکس کریں اور چہرے پر لگالیں۔ پندرہ منٹ تک لگائیں، بات چیت بالکل نہ کریں۔ پھر دھولیں۔ یہ ماسک خشک جلد کے لیے ہے۔
  • مالٹےکا چھلکا پیس لیں، دہی، لیموں کا رس، تھوڑی ہلدی اور صندل پاؤڈر مکس کرکے لگائیں۔ چھائیاں ختم ہوجائینگی۔
  • دہی میں لیموں اور گلیسرین ڈال کر نہانے سے پہلے پوری باڈی کا مساج کریں۔ اس سے جسم کی خشکی ختم ہوتی ہے۔ نیم کےپتے ابال لیں اور لیموں کا رس ڈال کر روز روئی سے منہ صاف کریں۔ دانے ختم ہوجائیں گے انشاء اللہ۔
  • اگر آپ کی جلد چکنی ہے تو پھر آپ کھیرے کا رس لیں اور اس میں لیموں کا رس ملاکر چہرے پر لیپ کریں۔
  • پکے ہوئے پپیتے کو مسل کر اس میں دہی اور لیموں کا رس ملائیں اور 20 سے 30 منٹ کیلئے چہرے پر لگائیں۔اس سے آپ کے چہرے کی رنگت نکھر جائے گی۔
  • بالائی میں چند قطرے لیموں کارس ملاکر لگانے سے جلد چکنی اور ملائم ہوتی ہے۔
  • چکنی جلد کو اس مہینے میں تروتازگی وہمورایت بخشنے کے لئے ایک ماسک کا استعمال بہتر رہتا ہے ۔ ایک انڈے کی سفیدی میں ایک چائے کا چمچ لیموں کارس ملا کر جلد پر لگائیں اور ایک گھنٹے بعد چہرہ دھو کر صاف کرلیں ۔
  • آدھا کپ جو کے آٹے میں ایک چمچ بالائی اور آدھا لیموں نچوڑ کر تھوڑا ساپانی ملاکر پیسٹ بنالیں اسے چہرے ،گردن پر مل کر پندرہ منٹ بعد دھولیں روزانہ کریں ،چہرہ خوبصورت لگے گا۔
  • ایک چمچ دہی میں چند قطرے لیموں کا رس ملا کر رات کے وقت کریم کے طور پر استعمال کریں۔
  • مکئی اور جو کا آٹا ہم وزن لے کر اس میں آدھے لیموں کا رس ملا کر لئی سی بنالیں اور اس لئی کو گردن اور چہرے پر ملیں ، آدھے گھنٹے کے بعد نیم گرم پانی سے اسے صاف کرلیں ۔ یہ عمل ہفتے میں دو مرتبہ کریں جب دھوپ میں نکلنے سے رنگت سیاہ ہوجائے تو دھبے پڑ جائیں تو انگور کو توڑ کر چہرے پر ملیں تھوڑی دیر بعد جلد خشک ہوجانے پر پانی سے دھولیں ۔
  • تلسی کے پتے اور لیموں کارس برابر مقدار میں ملاکر لگانے سے جھائیاں،چھائیاں،مہاسے اور سیاہ دھبے ٹھیک ہوجاتے ہیں۔
  • دو سے تین سٹرابیری کو مسل کر اس میں چند قطرے شہد اورلیموںکا رس ملائیں۔ اس آمیزے کو 15 سے 20 منٹ تک چہرے پر لگائے رکھنے کے بعد دھو لیں۔
  • ٹماٹر ،مولی ،کھیر ایا ککڑی کا رس اور گلاب کا پانی،آدھا آدھا چمچ اورچند قطرے لیموں کارس ملا کر اس میں ایک ایک چائے کاچمچ مکھن اور ہلدی ملا کر چہرے پر لگائیں اور جب خشک ہوجائے تو نیم گرم پانی سے دھو لیں اسکے بعد تھوڑی سی گلیسرین اور اور عرق گلاب چہرے پر لگالیں جلد چکنی،ملائم،صاف اور چمکدار ہوجائے گی۔
  • جئی ابال کر مسل لیں اور اس میں ایک چمچ لیموں کا رس ملا کر پیسٹ بنائیں، اسے جلد پر لگائیں اور خشک ہونے پر دھو لیں۔
    اور اگر آپ ان میں سے کوئی بھی ترکیب استعمال نہ کر پائیں تو بس اتنا کریںکہ لیموں کو کاٹ کر اس کے آدھے حصے کو جلد پر دائروںکی صورت میں ا ٓہستہ آہستہ پھیرتے رہیں۔ یہ بڑے بڑے نسخوں سے زیادہ مفید ہے۔

رنگ گورا کرنے کے دہی کا استعمال

دہی کے استعمال کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ اِس میں لیسٹک ایسڈ پایا جاتا ہے جو رنگت کو گورا کرنے کے لئے بہترین سمجھا جاتا ہے۔لیکٹک ایسڈ قدرتی طور پر جلد کو توانائی فراہم کرتا ہے۔ جو کہ جسم کے مردہ خلیوں کے چھڑنے کے رفتار کو کنٹرول کرتا ہے۔ لیکٹک ایسڈ کی کمی جلد کے مردے خلیوں کو ہٹانے کی رفتار سست کردیتی ہے۔ لیکٹک ایسڈ کی کمی پوری کرنے کیلئے دیہی کا استعمال نہایت مفید ہے۔

یہ بھی پڑھیے: جوؤں سے نجات کے آسان طریقے

  • دوبادام تھوڑی سی پتیاں گلاب کی چاہے تازہ ہوں یا سوکھی ہوئی، دو سبز الائچی چٹکی بھر ہلدی ان سب کو اچھی طرح پیس لیں اور دو چمچ دہی کے ملالیں۔ جن لوگوں کی جلد خشک ہو وہ اس میں روغن بادام یا زیتون کا تیل بھی دو قطرے ڈال کر لگاسکتی ہیں۔ یہ ماسک بہت رنگ گورا کرتا ہے بس خیال رکھیں کہ زیادہ سوکھنے نہ پائے اور ہر قدرتی ماسک پانی سے دھویا کریں صابن ہرگز استعمال نہ کریں۔
  • اگر دہی میں ایک چمچ شہد ملا کر بھی منہ پر استعمال کیا جائے تو بھی آپ کی رنگت کافی صاف ستھری اور گوری ہو جاتی ہے ۔ دہی اور شہد کے مکسچر کو آہستگی سے چہرے اور گردن کی جلد پر لگائیں اورآدھے گھنٹے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔
  • ایک پیالہ دہی لیکر چند منٹ لیکر جلد پر اس کا لیپ کریں اور پھر تازہ پانی سے دھولیں۔ یا پھر دیہی، لیموں کا رس اور دلیا ملا کر ماسک بنائیں اور 15سے 20 منٹ کیلئے چہرے پر لگا کر بعد میں دھو لیں۔ یا پھر دیہی ایک چمچ، شہد 2 چمچ لیکر اس کا ماسک 10 سے 15 منٹ کیلئے چہرے پر لگا کر دھولیں۔
  • صبح منہ دھونے سے بھی پہلے آپ دہی کو آہستگی سے اپنے چہرے پر لگائیں اور آرام آرام سے چہرے کی جلد پر سے مسلتی جائیں۔ جب اچھی طرح دہی آپ کے چہرے اور گردن پر لگ جائے تو تھوڑی دیر لگا رہنے دیں تا کہ لیسٹک ایسڈ اچھی طرح اپنا کام کر سکے۔دس سے پندرہ منٹ کے بعد منہ کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں اور آہستگی سے خشک کر لیں۔ اِس طریقے کو روزانہ تقریباً ایک سے دو ماہ دہرانے سے آپ دیکھیں گے کے آپ کے چہرے اور گردن کی رنگت میں گورے پن کا اضافہ ہو چکا ہو گا۔
  • دہی پھینٹ کر پورے چہرے پل لگالیں سوکھ جانے کے بعد ہلکے ہاتھ سے مل کر صاف کرلیں اور ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔
  • ایک بڑاچمچ ملتانی مٹی،تین بڑے چمچ دہی،ایک چمچ شہد ملاکر چہرے پر لگائیں یہ جلد کی اندرونی صفائی کرتاہے بند مسام کھولتاہے اور جلد کی اندرونی گندگی دور کرکے اسے صاف ستھرا بناتاہے۔

رنگ گورا کرنے کے لیے بیسن کا استعمال

بیسن کے اندر بہت سے ایسے اجزاء ہوتے ہیں جو چہرے کی جلد کو گورا بنانے میں بہت مدد کرتے ہیں۔بیسن پکوڑوں کے لئے تو لازم ملزوم ہے ہی، پر رنگ گورا کرنے کے لئے بھی بیسن کا استعمال مفید سمجھا جاتا ہے۔

رنگ گورا کرنے کے آسان اور آزمودہ گھریلو ٹوٹکے
  • ایک بڑی چمچ بیسن لیں اس میں تھوڑا سالیموں کا رس ملائیں اور ایک چھوٹی چٹکی ہلدی ملائیں ان کو اچھی طرح مکس کر کے پیسٹ بنالیں اور چہرے پر لگا لیں۔جب خشک ہو جائے تو چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔ پہلے ہی دن آ پ کو فرق نظرآئے گا بہتر نتائج کے لئے ہفتہ میں تین دن استعمال کریں۔
  • بیسن کو تھوڑے سے عرق گلاب میں ملا کر گاڑھا سا پیسٹ بنا لیں اور اِسے چہرے اور گردن کی جلد پر لگائیں اور تھوڑی دیر کے لئے چھوڑ دیں۔ جب سارا پیسٹ خشک ہو جائے تو چہرے کو اچھی طرح ٹھنڈے پانی سے دھو لیں اور نرم کپڑے سے خشک کر لیں۔

رنگ گورے کرنے کےدیگر گھریلو ٹوٹکے:

رنگ گورا کرنے کے لیے جہاں مختلف طریقے اور ٹوٹکے آزمائے جاتے ہیں وہاں ضروری ہے کہ کچھ احتیاطیں بھی کی جائیں۔ اور کچھ چیزوں کو باقاعدگی سے استعمال کیا جائے۔ جیسے اگر آپ کا خواب ہے کہ آپ کا رنگ گورا ہو تو اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ دھوپ میں کم سے کم نکلیں، روزانہ تقریباً آٹھ سے دس گلاس پانی پئیں۔

اپنی خوراک میں پھلوں اور سزیوں کی مقرار بڑھائیں۔ روزانہ ورزش کو معمول بنائیں۔ اور ہر روز رات کو سوتے وقت اپنے چہرے اور گردن کو اچھی طرح دھوئیں۔ چمکدار اور صحت مند جلدکے لیے وٹامن سی بہت ضروری ہے۔ اگر آپ گورا ہونا چاہتی ہیں تو ایسی غذائیں کھائیں جن میں وٹامن سی کثیر تعداد میں موجود ہو جیسے کہ کیوی، نارنجی، چیری، اسٹرابیری، ٹماٹر اور مسمی وغیرہ۔

رنگ گورا کرنے کے لیے گھریلو ٹوٹکوں کی ایک مکمل فہرست دی جا رہی ہے۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ کون سا طریقہ یا ٹوٹکہ آپ آزماتی ہیں، تاہم یاد رکھنے کی چیز یہ ہے کہ آپ کوئی بھی طریقہ آزمائیں اس کا رزلٹ آنے میں کچھ دیر لگتی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ آپ کوئی طریقہ آزمائیں گی اور دوسرے دن آپ چٹی گوری ہو جائیں گی۔

  • تازہ گیندے کے پھول کی پتیاں لیکر دو گلاس ابلتے ہوئے پانی میں ڈال کر اچھی طرح پکائیں، پانچ منٹ کےبعد پانی چھان لیں اور شیشے کی بوتل میں ڈال کر رکھ لیں، رات کو روئی لیکر پانی سے اچھی طرح منہ صاف کرلیں اور پانی منہ پر لگارہنے دیں، چند دنوں میں چہرہ صاف ہوجائے گا۔ یہ قدرتی کلینرز کا کام دیتا ہے۔
  • شہد میں بالائی ملاکر رات کو سوتے وقت لگائیں کچھ دیر بعد ہلکا مساج کرکے اتار لیں۔ اس سے نہ صرف رنگت اچھی ہوگی بلکہ دانوں اور داغ دھبوں میں بھی فرق پڑ جائے گا۔
  • سویا بین ایک ایسی قدرتی غذا ہے جس سے جلد سے بڑھتی عمر کے اثرات کم ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور اس میں موجود آئسو فلیوون جلد کو صحت مند بناتا ہے ۔ سویا بین میں پائی جانے والی اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات رنگ گورا کرتی ہیں ۔
  • جَو کا آٹا، سوکھا دودھ اور سفید شکر دودھ میں مکس کرکے پورے جسم کا مساج کریں یہ بہترین باڈی اسکرب ہوگا جو قدرتی چمک اور گورا پن دے گا۔
  • ایک چھوٹا ٹماٹر لیکر اس کا گودا جلد پر لگائیں اور پھر خشک ہونے کیلئے پندرہ سے بیس منٹ کیلئے چھوڑ دیں۔ آخر میں پانی سے دھو لیں۔یا پھر ٹماٹر کا جوس کا ایک چمچ لیموں کے رس کے چند قطروں میں شامل کر کے پندرہ سے بیس منٹ کیلئے چہرے پر لگائیں۔ یہ طریقہ جلد کو توانائی فراہم کرنے کے علاوہ جلد کی رنگت نکھارنے میں بھی موثرہے۔
  • آم کے ملک شیک میں کچھ ٹکڑے ادرک اور پودینہ کی ڈلی استعمال کریں۔ یہ اندر سے آپ کو قدرتی چمک دے گا اور جن لوگوں کو آم ہضم نہیں ہوتا ان کو بھی فائدہ دے گا۔نیز آم اور جامن کی گٹھلی کا مغز نکال کر پانی میں پیس کر چہرے پر لیپ کریں، چھائیاں ختم ہوجائیں گی۔
  • ایک چمچ زیرے کو پانی میں ابال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر اس کے ساتھ چہرے کو اچھی طرح دھوئیں۔
  • کیلا وٹامن اے ، بی اور ای سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ سب ہی غذائی اجزا جلد کی رنگت گورا کرنے کے لیے اہم ہیں ۔ اب یہ آپ کے اوپر ہے کہ یا تو کیلے کا ماسک بنا کر چہرے پر لگا لیں یا اسے اپنی روزنہ کی غذا کا حصہ بنا لیں ۔
  • چقندر میں پوٹاشیئم ، آئرن، فاسفورس، فائبر اور کئی اقسام کے وٹامنز موجود ہوتے ہیں جو اسے افادیت سے بھرپور بنا دیتے ہیں ۔ وٹامن اے، بی اور سی سے جلد گوری اور صاف ہو جاتی ہے۔ اس کے استعمال سے جلد کے مسام قدرتی طور پر گردوغبار سے صاف ہوجاتے ہیں اور رنگ گورا لگنے لگتا ہے ۔
  • نیم کے تازہ پتے پیس کر رات میں چہرے پر لگالیں اور جب سوکھ جائیں تو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں لگاتار پچاس دن کرنے سے چہرے کے داغ دھبے دور ہوجائیں گے۔
  • کسی برتن میں آلو کا رس نکال لیں اور اس کو اپنے چہرے پر ایسے لگائیں جیسے آپ بلیچ لگاتی ہیں۔ پندرہ منٹ سے آدھا گھنٹہ تک لگا رہنے دیں پھر منہ دھولیں۔ یہ تقریباً روزانہ ایسے ہی عمل کرنا ہے۔ چند دنوں میں رنگ سفید ہونا شروع ہو جائے گا۔
  • ایک دیگچی میں پانی لی کر ابال لیں اب اس سے چہرہ پر بھاپ لیں یاد رکھیں پانی زیادہ گرم نہ ہو۔اس سے آپ کی جلد کے تمام مسام صاف ہو جاتے ہیں ۔
  • چاول کاپاؤڈر جلد کی رنگت بہتر کرتا ہے۔ اور یہ ایک قدرتی طور پر جلد کو سورج کی کرنوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ چاول پاؤڈر کے ایک کپ میں پیسٹ بنانے کیلئے دودھ اور گرم پانی ملائیں۔ پیسٹ بننے کے بعد چہرے پر لگائیں اور آدھا گھنٹہ تک لگا رہنے دیں اس کے بعد گرم پانی سے دھو لیں۔ یہ عمل دو سے تین بار ایک ہفتے میں دہرائیں۔
  • کچے ناریل کا پانی بھی رنگ گورا کرنے کیلئے بہت مفید ہے اسے جلد پر تقریباً 15 منٹ کیلئے لگائیں، یہ داغ دھبے بھی ختم کرتا ہے۔
  • گاجر کا پانی نکال لیں اور فریج میں رکھ دیں۔ جب ٹھنڈا ہوجائے تو روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں۔ یہ عمل دن میں تین مرتبہ کریں۔ یہ رنگ گورا کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔روزانہ گاجر کھائیں یا پھر گاجر کا جوس نکال کر پئیں۔یہ بھی رنگ گورا کرنے میں آپ کی مدد کرتا ہے۔
  • کھیرے کےقتلے لیکر عرق گلاب میں بھگو دیں آدھا گھنٹہ کے بعد ان کا مساج کریں۔ دانے، چھائیاں سب صاف ہوجائینگے۔
  • مچھلی میں اومیگا تھری ایسڈ موجود ہوتا ہے جو کہ جلد کے لیے ٹانک کا کام کرتا ہے۔ مچھلی وٹامنز سے بھرپور ہوتی ہے ۔ اسی لیے اسے رنگ گورا کرنے کے لیے بہترین غذا تصور کیا جاتا ہے ۔ مچھلی بیک کرکہ ہفتے میں ایک بار ضرور استعمال کریں ۔ مچھلی کو فرائی کرنے سے اس کے وٹامنز ضایع ہوجاتے ہیں اسی لیے مچھلی کو بیک کرنا بہتر ہے ۔
  • پودینے کی پتیاں پانی میں ڈال کر اُبال لیں اور ان کو نہار منہ پی لیں۔ یہ بھی رنگت بہتر کرنے میں آپ کی مدد کرتا ہے۔

Rang gora karne ke asan aur azmooda totkay

رنگ گورا کرنے سے متعلقہ اگر کوئی چیز آپ کی سمجھ میں نہیں آئی ہے یا آپ اس  تحریر کے حوالہ سے مزید معلومات حاصل کرنا چاہتی ہیں تو آپ ہمیں کمنٹس کر سکتی ہیں۔ آپ کے ہر سوال،ہر کمنٹس کا جواب دیا جائے گا۔ تاہم اگر آپ کو یہ تحریر اچھی لگی ہے تو آپ اسے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر سکتی ہیں۔ تاکہ آپ کی سہلیوں وغیرہ کی بھی بہتر طور پر راہنمائی ہو سکے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں