لوگوس ھوپ: سمندر میں چلتی پھرتی عظیم الشان لائبریری

دنیا بھر میں کتابوں کے مختلف میلے منعقد ہوتے ہیں۔ شہر شہر ملک ملک کتابیں ایک مقام سے دوسرے مقام تک اپنا مقام بدلتی رہتی ہیں۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا بھی ہے کہ سمندر کی لہروں پر بھی کتابیں لائبریری کی شکل میں سفر کرتی ہوں گی۔

ایزی استاد میں آج ہم ایک ایسے ہی کتابی میلے کی بات کریں گے۔ جو دنیا بھر میں منفرد نوعیت کا حامل ہے۔یہ سمندری جہاز Logos Hope ہے جو دراصل سمندر میں چلنے والی ایک لائبریری ہے۔

لوگوس ھوپ لائبریری

لوگوس ھوپ لائبریری

یہ ایک ایسی لائبریری ہے۔ جس میں دنیا کی کئی زبانوں اور علوم پر ذخیرہ موجود ہے۔ لوگوس ہوپ بحر اوقیانوس میں رواں دواں نو منزلہ جرمن ساختہ بحری جہاز ہے۔ اس جہاز نے لائبریری بننے سے قبل 37 سال تک عوام کی خدمت کی تھی۔ اس کے بعد اسے سمندر میں چلنے والی لائبریری میں تبدیل کر دیا گیا۔

جہاز میں داخل ہونے پر انسانی عقل دھنگ رہ جاتی ہے کیونکہ اس جہاز نما لائبریری میں سات ہزار سے زائد انگریزی، عربی اور دیگر زبانوں و علوم و فنون پر مشتمل کتابیں موجود ہیں۔

لوگوس ھوپ لائبریری

لوگوس ایک یونانی لفظ ہے جس کے معنی فکر، حصول اور کلام کے ہیں۔ اس جہاز کو 2009 میں لائبریری کی شکل دی گئی تھی۔ تب سے یہ  جہاز کتابیں لیے ملک ملک کی سیر کرتا پھرتا ہے۔

اس جہاز میں دنیا کے 45 سے زائد ممالک کے تقریباً 400 کارکن خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ یہ کارکن دو سال کے لیے بلا معاوضہ اس جہاز پر کام کرتے ہیں۔۔

12519 ٹن وزنی اور 132.50 میٹر طویل اور 21.06 میٹر چوڑا یہ جہاز دنیا کے پانی پر چلنے والی پہلی اور منفرد لائبریری ہے۔ اس جہاز میں 492 برتھ ہیں۔ یعنی یہ جہاز پانچ سو کے قریب افراد کو لے جانے کی سہولت رکھتا ہے۔

اس جہاز نے اب تک 150 سے زائد ممالک کا دورہ کیا ہے اور چالیس ملین سے زائد لوگوں کو فائدہ پہنچایا ہے۔ کتابوں کے علاوہ اس کتابی میلے میں سیریز، ڈی وی ڈیز، مختلف اقسام کی پن، کنجیوں کے جھیلے اور بہت سی یاد گار چیزیں فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔

یہ اپنی نوعیت کا منفرد عالمی کتابی میلہ ہے جو سال بھر سمندر کے راستے ایک مقام سے دوسرے مقام تک رواں دواں رہتا ہے۔ تاریخ، فلسفہ، فلکیات، ماحولیات، تجارت، طب، ادب، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ارض و سماوات کی تحقیقات، جنگل کی زندگی، پرند چرند، وحشی، تہذیب و تمدن، سائنس، انجینئرنگ، دنیا کا کوئی شعبہ ایسا نہیں کہ اس کتابی میلہ نے اس کا احاطہ نہ کیا ہو۔

لوگوس ھوپ کے حوالہ سے  اگر کوئی چیز آپ کی سمجھ میں نہیں آئی ہے یا آپ اس تحریر کے حوالہ سے مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو  آپ ہمیں کمنٹس کر سکتے ہیں۔ آپ کے ہر سوال،ہر کمنٹس کا جواب دیا جائے گا۔

اگر آپ کو یہ تحریر اچھی لگی ہے تو آپ کا حق بنتا ہے کہ اسے فیس بک پر زیادہ سے زیادہ شیئر کریں۔ تاکہ آپ کے دوست احباب کی بھی بہتر طور پر راہنمائی ہو سکے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں