کیا شیو کرنے سے بال گھنے اور تیزی سے اگتے ہیں

یہ تصور عام ہے کہ شیو کرنے سے بال نہ صرف تیزی سے اگتے ہیں بلکہ گھنے بھی ہوتے ہیں اور ان کی رنگت بھی گہرتی ہوتی ہے۔ جبکہ اس چیز کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس مفروضے کی سچائی جاننے کےلئے 1928ء میں ایک سائنسی تحقیق کی گئی تھی۔ جس سے پتا چلا تھا کہ شیو کا بالوں کے بڑھنے کی رفتار، ان کی موٹائی اور رنگت کے گہرے ہونے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا اور یہ صرف نظر کا دھوکہ ہے۔

ہوتا یوں ہے کہ شیو کرنے کے بعد بال ایک صاف جلد پر نکلتے ہیں جس کی وجہ سے وہ زیادہ نمایاں نظر آتے ہیں اور دیکھنے والوں کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بال پہلے سے زیادہ گھنے ہو گئے ہیں۔ دوسرا یہ ہے کہ شیو کے دوران بلیڈ عموماً بالوں کو ترچھا کاٹتا ہے اور اپنے نوکیلے سروں کی بنا پر بال گھنے نظر آتے ہیں۔ اس طرح اگر جلد پر پہلے سے بال موجود ہوں تو یہ احساس ذرہ کم ہوتا ہے کہ وہ بڑھ رہے ہیں لیکن صاف جلد پر وہ نمایاں بڑھتے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔

ماہرین نے جب شیو سے قبل اور اس کے بعد ایک مقررہ وقت کے دوران ان کی لمبائی میں اضافہ کی پیمائش کی تو وہ برابر نکلی۔اس طرح بعض لوگ عمر کے آخری حصے میں پہنچ جاتے ہیں لیکن ان کی پوری داڑھی نہیں نکلتی، اگر شیو کرنے کا تعلق بال نکلنے ،بڑھنے یا گھنے ہونے سے ہوتا تو ہر شیو کرنے والی کی پوری اور گھنی داڑھی ہوتی۔

بالوں کی رنگت کا بھی شیو سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کچھ عرصے تک دن کی روشنی میں رہنے سے بالوں کی رنگت کم پڑ جاتی ہے۔ کیونکہ سورج کی روشنی میں رنگ کاٹنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے۔ جبکہ صاف جلد پر نئے بال ہمیں اپنے اصلی رنگ میں دکھائی دیتے ہیں۔ اس لیے ان کا رنگ گہرا لگتا ہے۔

اگر آپ کو یہ تحریر اچھی لگی ہے تو آپ کا حق بنتا ہے کہ اسے فیس بک پر زیادہ سے زیادہ شیئر کریں۔ تاکہ آپ کے دوست احباب کی بھی بہتر طور پر راہنمائی ہو سکے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں