نزلہ زکام کا علاج کرنے کے قدرتی اور گھریلو طریقے

صحت و تندرستی اور غذا کے ہضم ہونے کے حوالے سے سب سے بہترین موسم ، موسم سرما ہوتا ہے۔موسم سرما میں اگر سردی سے بچاوٴ کا اہتمام کیا جائے تو سردی رحمت بن جاتی ہے اور اگر ذرہ سی بھی بے احتیاطی برتی  جائے تو یہی سردی زحمت بن کر انسان کو لاتعداد امراض میں مبتلا کر دیتی ہے۔

موسم سرما کا آغاز ہو تے ہی بخار، کھانسی، نزلہ زکام، گلے کی سوزش وغیرہ کی شکایات عام ہو جاتی ہیں۔چھینکوں کے شروع ہوتے ہی ناک بہنے لگتی ہے گلے میں خراش ، ورم اور سرمیں درد کی شکایت ،جسم بخار سے تپنے اور پھوڑے کی طرح دکھنے لگتا ہے ۔ جس کی وجہ سے بچے اور ضعیف افراد فوراً بیمار ہو جاتے ہیں۔

نزلہ زکام ایک ایسی بیماری ہے کہ جب انسان اس میں مبتلا ہوتا ہے تو اس پر بد حالی کی سی کیفیت طاری ہو جاتی ہے اور وہ کام کرتے کرتے اکتا جاتا ہے ۔ جس کی وجہ سے کام کی رفتار میں خاصا فرق پڑ جاتا ہے۔ ماہرین طب کے مطابق نزلہ زکام کے جراثیم مریض کی چھینک ، ہاتھوں، بلغم یا بعض اوقات سانس میں سے نکل کر ہوا میں مل جاتے ہیں اور دوسرے لوگوں کو لگتے ہیں۔جس سے وہ بھی بیمار ہو جاتے ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق ہر تندرست انسان کو سال میں دو مرتبہ فلو انفیکشن ہوسکتا ہے لیکن یہ کوئی بیماری نہیں کہ جس کیلئے اینٹی بائیوٹک کا استعمال کیا جائے یا انجکشن لگوایا جائے۔ یہ عام وائرس ہوتے ہیں جو موسم اور اب و ہوا کی تبدیلی کی وجہ سے انسان کے جسم میں شامل ہوجاتے ہیں۔اسی لیے نزلہ زکام کے بارے میں مشہور ہے کہ اگر آپ دوا لیں گے تو سات دنوں میں ٹھیک ہوجائیں گے ۔ لیکن اگرآپ دوا نہیں لیں گے تو ایک ہفتے میں ٹھیک ہو ں گے۔

نزلہ زکام کی وجوہات

موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی دنیا بھر میں ہرفرد نزلہ زکام، کھانسی اور بخار میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ جیسے فلو انفیکشن بھی کہا جاتا ہے۔ماہرین طب کا کہنا ہے بہتی ہوئی ناک، گلے کی خراش یاسوزش فلو کی علامات ہیں عام طور پرفلو کا سبب وائرس ہوتا ہے۔

موسم سرما میں مختلف اقسام کے بارہ سو سے زائد وائرس پیدا ہوتے ہیں ۔ جو متاثرہ شخص کی کھانسی یا چھینک سے پھیلتے ہیں ۔ اس لئے اپنے ہاتھ دھوئیں،نزلہ زکام کے مریض سے کم سے کم پانچ گز کے فاصلے پر رہیں ورنہ آپ بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

اس بیماری کا سبب بعض اوقات وائرس نہیں ہوتا بلکہ یہ بیماری خاص خوشبو یا دھول مٹی الرجی ہونے کی وجہ سے بھی ہوتی ہے اور ایک اور سبب موسم میں اچانک تبدیلی یا بہت سرد ہواوٴں کا چلنا بھی ہے۔

نزلہ زکام کے جراثیم سب سے پہلے ناک کی جھلی کو متاثر کرتے ہیں اور اس میں سوزش پیدا کرتے ہیں جس سے مریض کو چھینکیں آتی ہیں۔ ناک بہنے لگتی ہے اور آنکھوں میں باربار پانی آنے لگتا ہے زکام چند گھنٹوں میں شدت اختیار کرلیتا ہے اور بدن میں ہلکا ہلکا درد ہوتا ہے بعض اوقات باقاعدہ بخار بھی ہوجاتا ہے ۔

نزلہ زکام کا علاج کرنے کے قدرتی اور گھریلو طریقے

یوں تو نزلہ زکام سے نجات کی کئی دوائیں علاج کے لئے موجود ہیں لیکن نزلہ زکام سے صحیح معنوں میں نجات اور صحت کی بحالی قدرتی اور گھریلو علاج سے بہتر طور پر ہو سکتی ہے۔ نزلہ زکام کے سلسلے میں زمانہ قدیم کے علاج اور شفائی تدابیر کی افادیت مسلمہ ہے جن سے آج بھی بھر پور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔جس کی تفصیل بذیل ہے۔

1. پانی اور بھاپ کا استعمال

نزلہ زکام ہونے کی صورت میں سب سے زیادہ ناک اوراسکی اندرونی چھلیاں متاثر ہوتیں ہیں ۔نزلے کے وائرس سے نجات حاصل کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ جھلیوں سے خارج ہونے والی رطوبت انھیں بہا کر لے جائے ۔اس کے لیے پانی کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ کیونکہ پانی صرف حیات بخش ہی نہیں شفا بخش بھی ہوتا ہے۔

اس عمل میں وضو کا عمل بہت معاون ثابت ہوتا ہے ۔ ناک میں صاف ستھرا پانی چڑھانے سے اندرونی چھلیاں اچھی طرح دھل جاتی ہیں ۔اگر پانی نیم گرم اور نمکین ہوتو اسے ذرا اندر چڑھا کر بند ناک آسانی سے کھولی جا سکتی ہے ۔ نمک کی وجہ سے ناک میں نہ صرف ورم دور ہوتا ہے بلکہ وائرس کی خاصی تعداد بھی دھل کر خارج ہوتی ہے جس سے بڑا آرام ملتا ہے اور مرض کی شدت میں کمی آجاتی ہے ۔

یہ بھی پڑھیےوضو کے طبی و سائنسی فوائد کی مکمل تفصیل

بھاپ میں سانس لینے سے ناک سے حلق تک کا اندرونی حصہ نزلے کی رطوبت سے صاف ہوجاتا ہے ۔ اور ناک کی بندش سے ہونے والی گھٹن اور بے چینی دور ہوتی ہے ۔ یہ عمل بہت آسان ہے ، کسی صاف ستھری پتیلی میں تین چوتھائی پانی بھر کر اسے ابالیں اور اسے ا حتیاط سے کسی میز وغیرہ پر رکھ کر سر کے اوپر صاف کپڑا یا تولیہ لپیٹ کر اٹھتی بھاپ کی طرف چہرہ جھکا کر اس میں گہرے سانس لیتے رہیں ۔

یہ ضروری ہے کہ چہرہ بھاپ سے جھلسنے نہ پائے ۔ اسی پانی میں اگریوکلپٹس آئل کی بھی چند بوندے شامل کر لی جائیں توناک کھلنے اور وائرس کا بہ آسانی نکلنے کا عمل اور بھی موثر ہو جاتا ہے ۔ یوکلپٹس کا درخت جس کو عرف عام میں سفیدا بھی کہتے ہیں، جو ہر جگہ موجود ہے اس کے تازہ پتوں سے بھی یہ کام لیا جاسکتا ہے ۔ کھولتے پانی میں اس کے مٹھی بھر پتے شامل کر لیں ۔

آپ ہمدرد بام کی ایک دو بوندوں سے بھی یہ کام لیں سکتے ہیں ۔ اس عمل سے ناک کھلنے کے علاوہ گلے کی خراش اور کھانسی کو بھی آرام ہوتا ہے اور نزلہ زکام کے حملے کا مقابلہ کرنے میں آسانی ہوجاتی ہے ۔ یہ عمل پانچ سے دس منٹ تک کرنا چاہیئے ۔

2. شہد اور لیموں کا استعمال

جو لوگ چائے پیتے ہیں انھیں نزلے کے دوران بغیر دودھ کی چائے میں شکر کی جگہ شہد اور لیموں کا رس شامل کر کے پینا چاہیئے۔ چائے کے علاوہ سادہ گرم پانی میں ایک چائے کا چمچ شہد اور تازہ لیموں کا رس شامل کر کے چسکیاں لیکر پینے سے چھیلے ہوئے گلے کو بہت آرام پہنچتا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے: شہد کے حیرت انگیز فوائد کی مکمل تفصیل اردو میں

جی چاہے تو شہد میں لیموں کے چند خطرے شامل کرکے بھی پیا جا سکتا ہے ۔ شہد میں جراثیم کشی کی صلاحیت ہوتی ہے اور لیمو ں میں شامل وٹامن سی جسم کی قوت مدافعت کو مستحکم کر تا ہے ۔ اس مرکب کو دھیرے دھیرے نگلنے سے منہ میں لعاب خوب بنتا ہے اور گلے کو آرام ملتا ہے ۔

3. دارچینی کا استعمال

ہزاروں سال سے دارچینی کو بخار دور کرنے اور جراثیم کشی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ مشرق کے گرم آب و ہوا والے ملکوں میں پیدا ہونے والی دارچینی مغرب کے سرد ملکوں میں کبھی سونے کے مول بکتی تھی ، لیکن اس کی آج بھی بڑی اہمیت ہے ، کھانے پینے کے مختلف اشیاء میں اس کے استعمال کے علاوہ اسے بخار اور ورم دور کرنے کے لئے بہت موثر قرار دیا جاتا ہے
دار چینی میں درد دور کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے ۔ اس کے تیل میں جراثیم ہلاک کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے ۔نزلے کے دوران دار چینی کی چائے بہت موثر ثابت ہوتی ہے ۔ اس کا سفوف چائے کے ایک چمچ کے برابرکھولتے پانی میں پندرہ منٹ تک ڈھک کر دم دینے کے بعد اس میں شہد بقدرے ذائقہ ملا کر پینا چاہیئے ۔ دن میں اسکی ایک سے تین پیالیاں پی جا سکتی ہیں ۔

4. لہسن کا استعمال

برصغیر میں لہسن کی چٹنی کا استعمال ایک نہایت موثر غذائی علاج سمجھا جا سکتا ہے ۔ بڑی بوڑھیاں گلے میں دکھن اور سوجھے ہوئے غدود کے لئے باسی یا خشک روٹی کے ایک نوالے کے ساتھ لہسن کے ایک دو جوئے سبز یا سرخ مرچ زور نمک کے ساتھ خوب چبا کر کھلایا کرتی تھیں اس سے بلغم خوب خارج ہوتا ہے اور گلے اور غدودوں کا ورم کم ہو جاتا ہے ۔
لہسن امریکہ اور یورپ میں دانت کے درد کے علاوہ طاعون ( پلیگ ) اور جزام کے لئے مفید سمجھا جاتا تھا۔ وہ نزلہ زکام اور کھانسی کے لئےلہسن کو پیس کر شہید میں ملا کر کھلایا کرتے تھے ۔ آج سائنس دان بھی لہسن کی اس صلاحیت کے گیت گا رہے ہیں ۔ لہسن کی ایک کلی میں سینکڑوں موثر جز ہوتے ہیں جن میں گندھک کے مرکبات اور اس کا خاص جوہرایلی سین بھی شامل ہوتا ہے یہی اس کی مخصوس بو کا سبب ہے ۔

یہ بھی پڑھیے: لہسن اگر سونے کے بھاؤ بھی ملے تو ضرور کھائیں، جانیے کیوں؟

موثر قدرتی ضد حیوی اور دافع جراثیم ہونے کی وجہ سے فلو میں روزانہ لہسن کی چار سے آٹھ کلیاں کچی کھانا بہت مفید ہوتا ہے ۔ اگر یہ پیٹ کو موقف نہ آئے تو ہلکا بھون کر یا پنیر میں ملا کر کھانا چاہیے۔ لہسن کو کھانے سے پہلے باریک کتر کر دس منٹ چھوڑدینے سے اس میں دوائی خواص بڑھ جاتے ہیں ۔

5. ادرک اور شہد کی چائے

تازہ ادرک کچل کراس کا ایک چائے کا چمچ رس ایک پیالی گرم پانی میں شہد سے میٹھا کر کے پینے سے بلغمی کھا نسی ، سینے کی جکڑن اور سینے کو بہت آرام ملتا ہے ۔ بلغم خارج ہوتا ہے اور پسینہ آکربخار دور ہوجاتا ہے ۔ اس میں تلسی کے تازہ پتوں کا رس ایک چائے کا چمچ ملانے سے یہ اور بھی مفید ہو جاتا ہے ۔ تلسی کے خشک پتے بھی استعمال ہو سکتے ہیں ۔

یہ بھی پڑھیے : ادرک کی چائے کے حیرت انگیز فوائد کی مکمل تفصیل۔ چائے بنانے کا طریقہ

6. نزلہ زکام سے نجات کے دیگر طریقے

  • نزلہ زکام کی شکایت کی صورت میں دودھ میں ہلدی ،تھوڑا سا ادرک کا رس اور چٹکی بھر پسی کالی مرچ ملا کر پی لیں ۔ اس سے نزلہ زکام میں خاصا فرق پڑ جاتا ہے ۔
  • ایک کپ گرم پانی میں دو سے تین کھانے کے چمچ سیب کا سرکہ اور حسبِ ضرورت شہد ملا کر پئیں۔
  • وٹامن سی ، دھوپ اور تیز پیا ز کی خوشبو نزلہ زکام کا بہترین علاج ہے۔روزانہ ایک ہزا ر ملی گرام وٹا من سی استعمال کرنے سے بھی نزلہ زکام میں افاقہ ملتا ہے ۔
  • پیاز کاٹ کر تلوؤں پر رگڑنے سے نزلہ زکام میں فائدہ ہو تا ہے کیونکہ اس میں بخار کو باہر نکا ل پھینکنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے ۔
  • نزلہ زکام میں ہلدی کا استعمال بہت مو ثر ثابت ہوتا ہے لیکن نزلہ زکام سے آرام آجانے کے بعد اس کا مسلسل استعمال مفید نہیں رہتا ۔
  • سبز چائے کا استعمال اور مرغی کا شوربہ بھی نزلہ زکام میں مفید خیال کیا جا تا ہے ۔
  • سردی کے موسم میں نزلہ زکام کی شکایات ہوتو چکن سوپ کا استعمال تین دن لازمی ہے۔ سوپ پینے سے مریض اپنے آپ کو ہلکا پھلکا محسوس کرتا ہے۔

اس مضمون سے متعلقہ اگر کوئی چیز آپ کی سمجھ میں نہیں آئی ہے یا آپ اس تحریر کے حوالہ سے مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ ہمیں کمنٹس کر سکتے ہیں۔ آپ کے ہر سوال،ہر کمنٹس کا جواب دیا جائے گا۔ اگر آپ کو یہ تحریر اچھی لگی ہے تو آپ اسے سوشل میڈیاپر بھی شیئر کر سکتے ہیں۔ تاکہ آپ کے دوست احباب کی بھی بہتر طور پر راہنمائی ہو سکے۔

ضروری نوٹ: نزلہ زکام سے متعلقہ یہ تحریرمحض معلومات عامہ کے لئے شائع کی جا رہی ہے۔اس لیےان ترکیبوں ، طریقوں اور ٹوٹکوں پر عمل کرنے سے پہلے اپنے معالج ( طبیب،ڈاکٹر ) سے مشورہ ضرور کریں۔اور دوران عمل اپنے معالج سے رابطہ میں رہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں